جاپان (جیوڈیسک) جاپان کی سوزوکی موٹر نے کہا ہے کہ جون تک کے تین مہینوں میں اس کا خالص منافع 30.6 فیصد اضافے کے ساتھ 31 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر رہا۔ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے سپیشلسٹ نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں فروختگی 6.2 فیصد اضافے کے ساتھ 644 ارب 80 کروڑ ین جبکہ منافع جاریہ اپریل تا جون کی سہ ماہی میں 39.4 فیصد اضافے کے ساتھ 35 ارب 60 کروڑ ین رہا۔
ادارے نے کہا ہے کہ گروپ نے بیرون ملک فروختگی میں کمی اور شرح تبادلے کے اثرات پر قابو پاتے ہوئے اپنی آمدنی میں اضافہ کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں گاڑیوں کی فروخت اور لاگت میں کمی کرکے بھی آمدنی کو بڑھایا گیا۔ سوزوکی موٹر نے مکمل سال کیلئے اپنے 70ارب ین کے خالص منافع اور 2.6 ٹریلین ین کی فروختگی پر 120 ارب ین کے منافع جاریہ کے اندازوں کو برقرار رکھا ہے۔