پاکستان : (جیو ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہناہے کہ ایشیاکپ فائنل میں پاکستان کی فتح میں کردار ادا کرنے پر بیحد خوشی ہوئی۔ قومی ٹیم کے لئے سوفیصد پرفارم نہ کرسکا تو کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں گا۔
شاہد آفریدی برق رفتار بتیس رنزاور اٹھائیس رنز کے عوض ایک وکٹ کی عمدہ کارکردگی پر ایشیا کپ فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ فائنل میں اچھی پرفارمنس سے ان پر دباؤ کم ہوا ہے لیکن اصل خوشی پاکستان کے چیمپئن بننے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناقدین سے کہنا چاہتاہوں کہ ہر کھلاڑی پر برا دور آتاہے،وہ پوری طرح فٹ ہیں اور ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے سوفیصد کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور جب بھی انہیں محسوس ہوا کہ وہ اپنے ملک کیلئے بہترین کارکردگی پیش نہیں کرسکتے فوری طور پر کرکٹ کوخیرباد کہہ دیں گے۔