سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد اور توہین عدالت کیس کی سماعت جاری ہے،جسٹس ناصر الملک سات رکنی بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے سیکریٹری قانون سے رائے طلب کی جس پر وزرات قانون نے وزیراعظم کو خط نہ لکھنے کی سمری دی صرف اٹارنی جنرل انور منصور نے اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ طریقہ کار کے مطابق سمری چار افراد کے مشورے سے بنتی ہے وزیراعظم چاہیں تو سمری غور کے لیئے کابینہ میں لا سکتے ہیں۔ جسٹس ناصر الملک نے ریمارکس میں کہا کہ ایسی ہدایت نہیں تھی کہ وزارت قانون سے رائے لی جائے ، آپ وزارت قانون کی سمری پر انحصار کر رہے ہیں۔ جسٹس اطہر سعید نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعظم کو سمری مسترد کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔