اسلام آباد (جیوڈیسک) عدالت عظمی میں آئندہ ہفتے کیلئے پانچ بنچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں جو کئی اہم کیسز کی سماعت کریں گے۔ پیر کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ اصغر خان کیس کی سماعت کرے گا جس میں ایوان صدر کو بھی فریق بنایا جاچکا ہے۔ سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت ہو گی جبکہ اربوں روپے مالیت کے سکینڈل ایفیڈرین کیس کی سماعت بھی اسی تین رکنی بنچ میں ہو گی۔ سولہ اکتوبر کو حج کرپشن کیس کی سماعت ہو گی اور عدالت کو آگاہ کیا جائے گا کہ حج انتظامات میں بے ضابطگیوں کی تفتیش حسین اصغر کو سونپ دی گئی ہے یا نہیں۔
اربوں روپے کرپشن سکینڈل نیٹو کنٹینرز کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ کرپشن کے ایک اور بڑے منصوبے رینٹل پاور کرپشن میں نیب کی پیش رفت رپورٹ بھی منگل کو عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔ دوہری شہریت کیس میں نا اہل ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی وسیم قادر کی نظر ثانی درخواست اور میڈیا پر فحش مواد کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت سترہ اکتوبر کو ہو گی جنکی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔
اسی روز جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ بے نظیر بھٹو قتل کی دوسری ایف آئی آر کے اندراج کیلئے دائر درخواست سنے گا۔ ونی اور سوارا جیسی رسومات کے خلاف دائر درخواستوں اور سول سرونٹس کے تحفظ کیلئے خاتون بیوروکریٹ انیتا تراب کی درخواست کی سماعت اٹھارہ اکتوبر جمعرات کو ہوگی۔ سندھ پولیس میں شولڈر پروموشن سے متعلق کیس بھی اسی روز زیر سماعت آئے گا۔ جبکہ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات سے ہلاکتوں پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔