سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے پی سی او ججز کو بے دخل نہ کرنے پر اٹارنی جنرل اور سیکرٹری قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پانچ اگست تک جواب طلب کرلیا ہے جبکہ مقدمے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ جمعہ کو کرے گا۔ سپریم کورٹ نے 18 مئی کے اپنے فیصلے میں پی سی او ججزکو بے دخل کرنے کے لئے خصوصی احکا مات جاری کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ جن ججوں نے پی سی او کے تحت حلف لیا تھا 18 ویں ترمیم میں توسیع نہیں دی گئی۔ اس لئے یہ مزید جج کے عہدے پر کام نہیں کر سکتے اس لئے ان کو حکومت فارغ کردے اس حوالے سے اٹارنی جنرل اور حکومت کی جانب سے پی سی او ججز کے حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا گیا اور سفارش کی گئی کہ سپریم جوڈیشل کونسل ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے تاہم سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹری رجسٹرار سپریم کورٹ فقیر حسین نے واپس حکومت کو خط لکھا کہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد یہ ججز اپنے عہدے پر مزید رہنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اس لئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت عملدرآمد کرے اور انہیں بے دخل کر دے۔