کوئٹہ : (جیو ڈیسک) وزیر اعلی بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے ہدایت کی ہے کہ اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم پر قابو پانے اور ان جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عملدرآمد کیا جائے۔
یہ ہدایات وزیر اعلی بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کوئٹہ میں ایک اعلی سطحی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان اور کمشنر کوئٹ سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ، وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف انتظامیہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اے اور بی ایریا کی تفریق سے قطع نظر مشترکہ کاروائی کریں اور ان کارروائیوں کے دارون سماج دشمن عناصر کے ٹھکانوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔