لاہور (جیوڈیسک)قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ متنازع ہاکی لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں سکیورٹی کی یقین دہانی کے بغیر انڈیا روانگی ممکن نہیں۔
انڈین ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے جانے والے قومی ہاکی ٹیم کے 9 کھلاڑیوں کیساتھ بھارت میں ہونے والے سلوک کے بعد متنازع انڈین لیگ میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں نے لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اپنی شرکت کو سکیورٹی سے مشروط کر دیا ہے۔
لیگ میں شامل قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ بھارت میں ہمارے چیمپئن کھلاڑیوں کیساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا وہ انتہائی غیر مناسب تھا۔ لیگ انتظامیہ کو پاکستانی کھلاڑیوں کو مکمل تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیئے تھا۔
ہم بھی لیگ کھیلنے سے قبل مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی پر ہی بھارت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں میڈل اور انہیں چیمپئنز ٹرافی فتح پر ہاکی ٹیم کو انعام نہ ملنا افسوسناک ہے۔