لاہور : سیاستدان اثاثے ظاہرکریں ورنہ سول نافرمانی ہو گی۔ عمران خان

imran khan

imran khan

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  نے کہا تمام سیاستدان اپنے اثاثوں کا اعلان کریں اگر اثاثے ظاہر نہ کئے توسول نافرمانی کی طرف جائینگے اور سارے شہر بند کرادیں گے ان کا کہنا تھا کہ اثاثوں کی چھان بین کیلئے تحریک انصاف سیل قائم کریگی۔
لاہور میں مینار پاکستان پر  پاکستان بچا ریلی اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے لیے 15 سال محنت کی ، آج ہم ایک نئے پاکستان کا آغاز کررہے ہیں۔ پییلزپارٹی اور نوازلیگ کے کارکنوں کو جلسے میں خوش آمدید کہتا ہوں ، یہ سیلاب نہیں سونامی آ رہا ہے جو اس کے سامنے کھڑا ہوا بہہ جائے گا ، زرداری اور نواز شریف اب اس سیلاب کو نہیں روک سکتے ، پاکستان کے نوجوانوں کو پارٹنر شپ توڑنا آتی ہے اور اب ایک اچھا ان سوئنگر آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ آصف علی زرداری نے بھٹو کانام استعمال کرکے ظلم کیا ، ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا اور آصف زرداری نے کمال کیا 16ہزار خودکشیاں ہوئیں، زرداری نے امریکا کو خط لکھا کہ فوج سے بچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے پٹواریوں کا جلسہ کیا، میاں صاحب آپ مچھروں کامقابلہ نہیں کرسکتے زرداری کا کیسے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو امپائرز ساتھ ملا کر میچ کھیلنے کی عادت ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امیر ملک ہے، ہم معدنیات کے ذخیروں پر بیٹھے ہیں ، پاکستان کے پاس 180ارب ٹن کا کوئلہ موجود ہے، اس کوئلے سے ہم دنیا کو بجلی بیچ سکتے ہیں، پاکستان پانی سے 7ہزار میگا واٹ بجلی بنا سکتا ہے، کرپشن کی وجہ سے ہم امریکا کی غلامی کررہے ہیں، ٹیکس چوری سے 3ہزار ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، ایسا قانون بنائیں گے کہ اثاثے ظاہر نہ کرنے والا سیاست میں نہیں آئیگا، کرپشن ختم کرنیوالا ہی ملک کو پاں پر کھڑا کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ کچہریوں میں انصاف ملتا نہیں بکتا ہے، پاکستان کو پٹواریوں سے نجات دلائیں گے، پاکستان کی اسمبلیاں قبضہ گروپوں سے بھری ہوئی ہیں، پٹواری عوام سے مال لے کر اوپر تک پہچاتا ہے ، سب سے پہلے پولیس کو غیر سیاسی بنانا ہے، کراچی میں پولیس غیر سیاسی ہو تو امن ہوجائے، ہم پٹواری کو غائب اور تھانے کو تبدیل کردیں گے۔
بلوچستان کے لوگوں سے بہت ظلم کیا گیا، بلوچوں کو بھائی بناکر ٹارگٹ کلنگ ختم کریں گے، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان میں انصاف کرے گی، ہمارے حکمرانوں نے ڈالرز کیلئے امریکی جنگ اپنائی، امریکی جنگ لڑنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، ڈالرز لینے والوں کا احتساب کریں گے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کم نہیں ہورہی، قبائلیوں کو انتہا پسندی کی جانب بھیجا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آکر امریکا سے دوستی کرینگے غلامی نہیں، امریکا کیلئے کوئی ملٹری آپریشن نہیں کریں گے، عمران خان مرجائیگا بھیک نہیں مانگے گا، کرپشن ختم کرکے قانون کی بالادستی قائم کرینگے۔