سیالکوٹ: (جیو ڈیسک) پاکستان کی سیالکوٹ اسٹالینز ٹیم اس سال بھارت میں ہونے والی چیمپئنز لیگ میں شرکت کرے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن نے چیمپئنز لیگ دوہزار بارہ میں پاکستانی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینزکو مدعو کرنے کی تصدیق کردی ہے فیصلہ بھارتی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
چیمپئنز لیگ کا آغاز دوہزار نو میں ہوا لیکن پاکستان کی کوئی ٹیم پہلی بار اس میں شرکت کریگی۔ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن نے اس سال چیمپئنز لیگ میں ایک پاکستانی ٹیم کو شامل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں مدعو کرنے کا فیصلہ بھارتی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
چیمپئنز لیگ میں بھارت کی تین بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک ٹوئنٹی ٹوئنٹی چیمپئن ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ پاکستان کی موجودہ ڈومیسٹک ٹوئنٹی ٹوئنٹی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز ہے جو چیمپئنز لیگ میں شرکت کی حقدار ہوگی۔ پاکستانی کرکٹرز چارسال بعد بھارت جائیں گے۔