سیالکوٹ موٹروے بنا کر گجرات سے لنک کریں گے، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال ہم نے بنایا ہم ہی اسے شروع کرینگے: چودھری پرویزالٰہی
Posted on October 8, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما ونائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے گجرات نواحی گائوں گورائیہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا مشن ہی عوام کی خدمت ہے، ہم چودھری ظہورالٰہی شہید کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں، ہم نے اپنے دور حکومت میں سیالکوٹ موٹروے بنانے کا جو منصوبہ شروع کیا تھا اسے ن لیگ کی حکومت نے گجرات دشمنی کی بنا پر ختم کر دیا کیونکہ سیالکوٹ موٹروے کو گجرات سے لنک کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے ہمیں دوبارہ موقع دیا تو ہم سیالکوٹ موٹروے بنا کر گجرات کے ساتھ لنک کریں گے اور وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال جسے ہم نے بنایا تھا اسے ہم ہی شروع کریں گے، عوامی فلاحی کام ہم پہلے بھی کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اللہ کے بعد اہل گجرات والے ہی ہماری عزت کے سانجھے ہیں۔ ہم نے اپنے دور میں وہ ترقیاتی کام کیے جن کی پہلے مثال نہیں ملتی۔ وزیرآباد میں کارڈیالوجی ہسپتال 3 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا مگر نواز شہباز شریف کو اتنی توفیق نہیں کہ وہ اسے شروع کر سکیں کیونکہ باہر والوں کو اہل گجرات کے دکھ درد سے کوئی غرض نہیں۔ ہم نے پنجاب میں 1122 سروس شروع کی جو کہ اہل پنجاب کیلئے ایک انمول تحفہ ہے۔
گجرات یونیورسٹی بنائی اس طرح کی یونیورسٹی نہ تو ہندوستان میں ہے نہ پاکستان میں۔ اس طرح کی نیک نیتی، محبت اور تعلق کا سلسلہ ہم اپنی عوام سے پہلے بھی کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے جس کا افتتاح آج کر رہے ہیں اس کیلئے فنڈ میں نے اپنے دورِ حکومت میں ہی ریلیز کر دئیے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان وہ پہلا اسلامی ملک ہے جس نے ناموس رسالتۖ کے خلاف بننے والی فلم کے خلاف آواز بلند کی، ہم صدر زرداری کے شکرگزار ہیں جنہوں نے چودھری شجاعت حسین کے کہنے پر جنرل اسمبلی میں پاکستانیوں کے دل کی آواز بلند کی اور میرا یقین ہے کہ وہ مجرم کیفر کردار تک ضرور پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور ن لیگ دونوں کی حکومتوں کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے ہم نے اپنے پانچ سالہ دور میں آپ کی کیا خدمت کی اور انہوں نے کیا کی اس کا فیصلہ عوام خود کرے۔
ن لیگ نے جھوٹے مقدمے بنانے، جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے اور تھانہ کلچر کے علاوہ کچھ نہیں کیا جبکہ ہم نے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور گجرات سمیت پورے پنجاب میں بلا تفریق ترقیاتی کام کیے آئندہ بھی کریں گے۔ اہل گجرات، گجرات کا دکھ درد جو ہم محسوس کر سکتے ہیں کوئی دوسرا نہیں کر سکتا۔ ن لیگ والوں سے پوچھیں کہ انہوں نے آپ کیلئے کوئی کام کیا ہے؟ اس موقع پر چودھری ندیم اختر ملہی، چودھری وسیم حیدر ملہی، میاں عمران مسعود، چودھری عظمت بھی موجود تھے۔ قبل ازیں کنارہ چناب پل پہنچنے پر چودھری پرویزالٰہی کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں، ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کا رقص پیش کیا گیا۔ وزیرآباد بائی پاس پہنچنے پر چودھری پرویزالٰہی کا جوانوں نے موٹر سائیکل ریلی کے ساتھ استقبال کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے استقبال کیلئے آنے والے شرکاء کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کیا۔ گورائیہ گائوں میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر گائوں کے بزرگوں نے چودھری پرویزالٰہی کے سر پر پیار سے ہاتھ پھیرا، گلے لگایا، ماتھا چوما اور ڈھیروں دعائیں دیں۔