سیاچن : (جیو ڈیسک)سیاچن کے گیاری سیکٹر میں مزید تین شہدا کے جسد خاکی ملے ہیں،گزشتہ روز ملنے والے جسد خاکی کی شناخت شہید سپاہی قربان علی کے نام سے ہوئی ہے،جن کا تعلق گلگت سیہے۔سیاچن کے گیاری سیکٹر میں سات اپریل کو مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے پاک فوج کے سوا سو سے زائد جوان برفانی تودے تلے دب کر شہادت جیسا عظیم مرتبہ پاگئے۔شہدا کے جسد خاکی کی تلاش کیلئے پاک فوج کے دلیر جوان لہو جما دینے والی سردی میں ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ برفانی تودے سے آج تین شہدا کے جسد خاکی ملے ہیں،جنہیں فوری طور پرگامبا اسپتال منتقل کیا گیا، اب تک تیرہ جسد خاکی نکالے جا چکے ہیں۔
ریسکیو ماہرین کیمطابق امدادی ٹیمیں کمپانڈ کے قریب پہنچ گئی ہیں،جہاں پر اہلکاروں کی بڑی تعدادموجود تھی۔گزشتہ روز نکالے گئے ایک جسد خاکی کی شناخت شہید سپاہی قربان علی کے نام سے ہوئی۔مادروطن کے اس دلیر سپوت کا تعلق گلگت کے علاقے جلال آباد سے ہے،شہید کی تدفین ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ کی جائیگی ۔