سینئر وکلاء بلوچستان بدامنی کیس میں عدالتی معاون مقرر

supreeme court

supreeme court

سپریم کورٹ(جیوڈیسک)سینئر وکلاء یاسین آزاد، اخترحسین، ایس ایم ظفر اور منیر اے ملک بلوچستان بدامنی کیس میں عدالتی معاون مقرر کر دیے گئے۔ سپریم کورٹ نے صوبے کے امن وامان، ٹارگٹ کلنگ اورلاپتا افراد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ طلب کرلی۔

چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار سردار اختر مینگل بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ سردار اختر مینگل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں اور 26 ستمبر کو واپس آئیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سردار اختر مینگل لاپتا افراد کے معاملے پرعدالت کی قابل قدر معاونت کر سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ سردار اختر مینگل کو اسلام آباد میں قیام، سپریم کورٹ میں پیشی اور واپسی تک سکیورٹی فراہم کی جائے۔ عدالت عظمی نے سینئر وکلا یاسین آزاد، اخترحسین، ایس ایم ظفر اور منیر اے ملک کو معاون مقرر کردیا۔ سپریم کورٹ نے بلوچستان کے امن وامان، ٹارگٹ کلنگ اورلاپتا افراد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 27 ستمبرتک ملتوی کردی۔

عبوری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 8 اکتوبر سے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کوئٹہ میں ہوگی۔