سینیٹ میں چودھری اسلم، ہنگو کے طالب علم کو خراج عقیدت کی قرار داد منظور

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینٹ نئیر حسین بخاری کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اے این پی کے شاہی سید نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے چوہدری اسلم پر دہشت گردوں کے حملہ کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ پانچ پانچ سال حکومت کرنے کا ڈرامہ بند کریں۔ امن و امان سب کا مسئلہ ہے مگر صوبے وفاق اور وفاق اسے صوبوں کی زمہ داری قرار دینے لگے ہیں۔

شاہی سید کراچی میں بونیر اور سوات کی طرز پر فوری فوجی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔

ایم کیو ایم کے کرنل طاہر حسین مشہدی نے انتہائی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں موت کا کھیل کب تک جاری رہے گا، آپریشن کرنا ہے تو اس کا رخ طالبان اور کالعدم تنظیموں کی جانب کیا جائے۔

چوہدری اسلم کی شہادت سے پولیس کا مورال کم ہوا ہے۔ اب کراچی پاکستانیوں کے رہنے کے قابل نہیں رہا طاہر حسین مشہدی نے بھی کراچی کی صورتحال پر واک آوٹ کا اعلان کیا تو ایم کیو ایم کے سینٹر ایوان سے باہر چلے گئے۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے چودھری اسلم اور ہنگو کے طالب علم کو خراج عقیدت کی قرارداد ایوان میں پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم پر حملے کی شدید مذمت کی گئی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چودھری اسلم ایک بہادر افسر تھے، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان قربان کی۔