سیکورٹی کونسل کی شام پر پابندیاں لگانے کیلئے مشاورت شروع

UNSC
نیویارک  : اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے شام پر پابندیاں لگانے کیلئے ہنگامی بنیاوں پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
برطانیہ ، فرانس ، جرمنی اور امریکہ شام کے خلاف قرارداد لانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں جبکہ روس اور چین نے مجوزہ قرارداد کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ شام میں فوج کے ہاتھوں 40 شہریوں کی ہلاکت کے بعد ہنگامی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکی سفیر سوسن رائس نے کہا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے مذاکرات میں ناکامی کے بعد قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی ممالک قرارداد لانے کے بارے میں بات چیت کریںگے ہم ان کی حمایت کرتے ہیں اور ہم نہیں سمجھتے کہ دوسرے اس کی حمایت کیوں نہیں کرتے۔
انہوں نے کہاکہ چین اور روس کو شام کے خلاف کارروائی کی مخالفت کیلئے برازیل ، بھارت اور جنوبی افریقہ کی حمایت حاصل ہے۔ یورپی ممالک نے دو ماہ قبل قرارداد کا متن سلامتی کونسل میں تقسیم کیا تھا لیکن سخت مخالفت کی وجہ سے اس پر ابھی تک پیشرفت نہیں ہوسکی جبکہ سلامتی کونسل شام میں تشدد کے خلاف کوئی بھی بیان جاری کرنے پر ابھی تک متفق نہیں ہوسکی۔