لاہور : (جیو ڈیسک) ملک بھر میں سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہڑتال جاری ہے جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ لاہور میں سی این جی سٹیشنز تین روز ہفتہ واربندش کے بعد آج صبح کھلنے تھے لیکن ایسو سی ایشن کی کال پر سی این جی اسٹیشنز کے مالکان کی طرف سے ہڑتال کے اعلان پر آج فلنگ سٹیشنز بند پڑے ہیں جس پرشہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے گھر جاتے ہیں تو بجلی نہیں باہر آتے ہیں تو سی این جی نہیں ملتی جس سے کام کاج پر جانے میں شدید دشواری کا سامناہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے مذاکرات کر کے اس مسلے کو فوری حل کیا جائے۔
جن شہروں میں سی این جی اسٹیشن کھلے وہاں کے مالکان کو بھی آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیر مین نے برادری سے باہر کرنے کی دھمکی دے دی ہے جبکہ سیکریٹری پٹرولیم اعجاز چودھری کاکہناہے سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال بلا جواز ہے اسے فوری ختم کیا جائے۔ دوسری جانب کراچی میں کچھ سی این جی اسٹیشنز کھلے ہوئے ہیں جہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جاسکتی ہیں تاہم سڑکوں سے بیشتر ٹریفک غائب ہے۔ سی این جی رکشوں کے مالکان خاص طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں جن کا گذر بسر ہی رکشہ چلانے سے ہوتا ہے۔
اسلام آباد اور راول پنڈی میں سی این جی کی بندش کا آج دوسرا روز ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ سی این جی اونر ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ گاڑی رکھنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔