شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 245 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔
شارجہ کرکٹ گرانڈ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنر نے ٹیم کو ایک سو انتیس رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ پچھلے میچ میں تین رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرنے والے ناصر جمشید۔ اڑتالیس رنز پر مچل جونسن کا نشانہ بنے۔ پھر محمد حفیظ نے بھی 78 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر ہمت ہار دی اور کلارک کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دوسرے میچ کے ان فٹ آفریدی اچانک فٹ ہوگئے لیکن پچ پر آتے ہی فٹا فٹ آٹ بھی ہوگئے۔ چھکوں کی ٹرپل سنچری صرف خواب ہی رہی اور صرف سات رنز پر چلتے بنے۔ عمر اکمل کب آئے اور کب گئے شائقین کرکٹ کو ایکشن ری پلے میں پتا چلا۔ اسد شفیق نے کچھ ہمت دکھائی اور ستائیس رنز کا اضافہ کیا۔ کامران اکمل کو شاید بھائی کی یاد ستائی اور دو رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق نے روایتی کھیل پیش کیا۔ انتالیس گیندوں پر 25 رنز بنا کر کیچ آٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کے سٹارک نے چار اور مچل جونسن نے دو کھلاڑی آٹ کئے۔