شام(جیوڈیسک)شام کے صوبے الیپو کے نواحی علاقے الانصاراشراقی میں رہائشی عمارت پر نامعلوم سمت سے داغے گئے میزائل حملے میں دس بچوں سمیت سولہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ شامی انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے مطابق میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں اٹھارہ سال سے کم عمر دس بچے سمیت ایک خاتون اور پانچ مرد شامل ہیں۔
سماجی ویب سائٹ پر جاری ہونیوالی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے تاہم آزاد ذرائع سے تاحال اس فوٹیج کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت رہائشی عمارت میں متعدد افراد موجود تھے جن میں سے سولہ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کیخلاف گذشتہ بائیس ماہ سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں اب تک ساٹھ ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ لاکھوں شامی شہری ترکی سمیت پڑوسی ممالک میں ہجرت پر مجبور ہو گئے۔