شام: تازہ کارروائی میں متعدد افراد ہلاک

homs fire

homs fire

حمص : ( جیو ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے حمص میں کم سے کم بارہ شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ حمص میں ہادی عبداللہ نامی ایک کارکن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ علاقے سے چھبیس بچوں اور اکیس خواتین کی لاشیں ملیں ہیں۔ شام میں آزاد میڈیا پر عائد سخت پابندیوں کی وجہ سے ان اطلاعات کی تصدیق کرنا بہت مشکل ہے۔ واضح رہے کہ شام کے شہر حمص میں گزشتہ کئی ہفتوں میں سرکاری فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔
برطانیہ میں شام سے متعلق انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہے کہ شہر میں گزشتہ رات ہونے والے حملے میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہوئے تاہم شام کے مقامی کوآرڈینیشن کمیٹی نے مرنے والوں کی تعداد پینتالیس بتائی ہے۔ دونوں گروپوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں اور دونوں نے ان ہلاکتوں کا ذمہ دار حکومت حامی ملیشا کو قرار دیا ہے۔ شام کے ریاستی میڈیا نے مرنے والے افراد کو مسلح دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کی حزبِ مخالف شامی قومی کونسل نے شام میں ہونے والی ہلاکتوں پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے۔