دمشق: شام میں اصلاحات کیلئے مظاہرے کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں مزید ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ ادھرسلامتی کونسل میں شام کے خلاف قرارداد پر اتفاق نہ ہوسکا آج دوبارہ اجلاس ہوگا۔ شام کے شہر حما اور دیگر شہروں میں فوج اور مظاہرین میں مزید جھڑپیں ہوئی۔ جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ حما میں اتوار سے شروع ہونے والی فوجی کارروائی میں اب تک ڈیڑھ سو سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔ ادھر برطانیہ فرانس اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے شام کے متعلق قرارداد کے مسودے پر اتفاق نہیں ہوسکا اور آج دوبارہ اجلاس ہوگا۔ ادھرامریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے پہلی مرتبہ امریکہ میں مقیم شامی منحرفین سے ملاقات کی اور انھیں جمہوریت کیلئے امریکی حمایت کا یقین دلایا۔