دمشق : (جیو ڈیسک) شام میں حکومت مخالفین نے الزام عائد کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے حماہ صوبے کے ایک قصبے پر حملہ کرکے 200 سے زائد شہریوں کو ہلاک کردیا ہے۔
شام میں حکومت مخالفین کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔انقلابی کونسل کے رہنماوں کا دعوی ہے کہ گزشتہ روز فوج نے حماہ کے قصبے ترمیسہ پر گن شپ ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سے حملہ کرکے قتل عام کیا جس سے 220 افراد ہلاک ہوگئے جن میں اکثریت شہریوں کی تھی۔
شام کے سرکاری ٹی وی نے انقلابی کونسل کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیسہ میں قتل عام کے ذمے دار دہشت گرد ہیں جنھوں نے تین سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی زخمی کیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق گزشتہ 16ماہ میں اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت کا یہ سب سے سنگین واقعہ ہے۔