شام کے دارالحکومت دمشق اور حلب شہر میں بدھ کو ہزاروں افراد نے صدر بشارالاسد کی حمایت میں ایک بڑی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے شہرکی سڑکوں پر مارچ کیا۔ اور صدر بشارالاسد کی حمایت میں نعرے لگائے۔ مظاہرین جنہوں نے بڑے بڑے شامی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے شام پر پابندیاں عائد کرنے کے مغربی ممالک کے منصوبے کی شدید مخالت کرنے پر روس اور چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ شام میں حزب اختلاف کی طرف سے مارچ سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مظاہرین صدر بشارالاسد سے مستعفی ہونے اور سیاسی اصلاحات متعارف کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔