اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے شام کے صدر بشارالاسد کو بتایا ہے کہ انھیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پر گہری تشویش ہے۔مسٹر بان نے ٹیلی فون پر مسٹر اسد سے بات کی جنھوں نے کہا کہ پولیس اور فوج نے اپنی کارروائیاں بند کر دی ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایک ترجمان کے مطابق مسٹر بان نے شام میں تشدد کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات اور عالمی تنظیم کے انسانی حقوق سے متعلق دفتر سے شامی حکومت کے تعاون کے مطالبات کو بھی دہرایا۔انسانی حقوق سے متعلق عالمی تنظیم کی اعلی ترین عہدے دار نوی پلے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو شام کی صورت حال کے بارے میں آگاہ کریں گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ شام کے معاملے پر جرائم کی بین الاقوامی عدالت سے رجوع کرنے کی درخواست بھی کریں گی۔