شاہین ، شیر،کینگروز اور ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں

World T20 Cup

World T20 Cup

ورلڈ ٹی 20 (جیوڈیسک) ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے ۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا ، بھارت جیت کر بھی ہار گیا ،پاکستان سیمی فائنل میں جمعرات کو سری لنکا سے ٹکرائیگا۔ ورلڈ ٹی ٹوینٹی سپر ایٹ مرحلے کے بعد سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔گروپ ون سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز جبکہ گروپ ٹو سے آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

گروپ ون سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے پیر کو ہی سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔ جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کے ہاتھوں بتیس رنز سے شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ میں ہوا۔ جس میں بھارت کو کم از کم اکتیس رنز سے فتح کی ضرورت تھی مگر وہ صرف ایک رن سے جیت حاصل کرسکا۔ یوں پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن گیا۔

پاکستان واحد ٹیم ہے جو ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے اب تک ہونے والے چاروں ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ ایونٹ کے سیمی فائنل جمعرات اور جمعہ کو کھیلے جائیں گے، جس میں جمعرات کو پاکستان اور سری لنکا کا پہلا سیمی فائنل شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعہ کو ہوگا یہ میچ بھی پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا فائنل اتوار سات اکتوبر کو ہوگا۔