شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو آج پاکستان منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔ شاہ رخ کا کہنا ہے کہ اس نے قتل نہیں کیا۔ بلاوجہ میرے خاندان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی نے گزشتہ روز خود کو دبئی میں قونصل خانے کے حوالے کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق منگل کی شام تک شاہ رخ کو پاکستان لائے جانے کا بھی امکان ہے۔
شاہ رخ جتوئی کا کہنا ہے کہ اس نے کسی کے دباو میں آکر خود کو حکام کے حوالے نہیں کیا۔اس پر لگایا گیا شاہ زیب کے قتل کا الزام بے بنیاد ہے۔الزام عائد کیا کہ حکام اس کے خاندان کو بلاوجہ ہراساں کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ میں گزشتہ سماعت کے دوران شاہ رخ کے والد سکندر جتوئی کو عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔شاہ زیب قتل کیس کی سماعت سولہ جنوری کو ہوگی۔