شاہ رخ کی فلم را ون دیوالی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کر دی گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر چہ لوگ دیوالی کا جشن گھروں میں منانے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم را ون کو دیکھنے کیلئے بھارتی سینماں میں کھڑکی توڑ رش دیکھا گیا ۔ را ون پہلے دن تین ہزار بھارتی سینماں کی زینت بنی جن میں سے پانچ سوتھری ڈی تھیٹرزبھی شامل ہیں ۔ فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ سلمان خان کی فلم باڈی گارڈ کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائے گی جس نے پہلے ہفتے میں ایک ارب دو کروڑ چھیاسی لاکھ کا ریکارڈ بزنس کیا تھا ۔ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی فلم کی تشہیر کے لیئے پچاس کروڑ روپے رکھے گئے جن میں سے چودہ کروڑ صرف آن لاین پروموشن کے لیئے مخصوص تھے۔ پانچ ہزار پر مشتمل فلم کرو میں غیر ملکی ماہرین کو بھی شامل کیا گیا۔فلم کے ڈائریکٹر آف فوٹو گرافی نیکولا پکورینی ہیں جن کا تعلق لاس ویگاس سے ہے۔ جب کہ ایڈینٹنگ کے لیئے آسکر ایوارڈ یافتہ مارٹن واش کی خدمات حاصل کی گئیں۔ گوا، ممبئی اور لندن کی لوکیشن پر فلمائے جانے والی فلم کو تھری ڈی میں بھی بنانیکا فیصلہ کیا گیا۔ فلم کے ایکشن اور دیگر اہم مناظر میں حقیقی رنگ بھرنے کے لئے خصوصی ساونڈ سسٹم انسٹال کیا گیا۔فلم کا میوزک کسی بھی اعتبار سے کمزور نہ ہو اس کے لیئے افریقن نژاد امریکی گلوکار آکن کی آواز کا جادو جگایا گیا۔۔رجنی کانت کے مداحوں کو راغب کرنے کے لیئے فلم میں ساوتھ اسٹارکی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا۔ کامک سیریز کے مطالعے کے بعد ایک کروڑ روپے کی لاگت سے سپر ہیرو جی ون کا خصوصی کاسٹیوم تیار کیا گیا۔ فلم کے پوسٹرز سے شاہ رخ کی جھریاں چھپانے کے لیئے خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔ شاہ رخ کے قریبی دوست ادتیہ چوپڑا اور کرن جوہر کے انکار کے بعد ہدایت کاری کی ذمے داری انو بھو سنہا کو دی گئی۔تاہم فلم کے بعض مناظر میں کرن نے بھی اپنے جوہر دکھائے دبنگ اور باڈی گارڈ کی کام یابی کے بعد کنگ خان پر دباوبڑھ گیا ہے۔کیا بالی وڈ کا پینتالیس سالہ سپر ہیرو ماڈرن راون کی لنکا ڈھا کر باکس آفس پر بننے والے ریکارڈ کا بھی سرواناش کر پائے گا۔اس کا جواب جلد ہی مل جائے گا۔