اسلام آباد(جیوڈیسک) شاہ زیب قتل کیس کے از نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کی شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کیلئے 15 دن کی مہلت کی درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بہت وقت گزر چکا، 3 دن کا وقت دیتے ہیں۔
ملزم کو 10 جنوری تک گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت کا کہنا ہے کہ ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو آئی جی سندھ ذمہ دار ہوں گے۔ سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کیس کے از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کی۔ آئی جی سندھ نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے 15 دن کی مہلت دی جائے تاہم سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کردی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پہلے ہی کافی وقت گزر چکا ہے، مزید 15 دن نہیں دیئے جاسکتے، 3 روز کا وقت دیتے ہیں۔
ملزم شاہ رخ جتوئی کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو آئی جی سندھ ذمہ دار ہوں گے، پولیس کی غفلت کے باعث ملزم ملک سے فرار ہوا، پولیس عدالت کو بتاتی رہی کہ شاہ رخ جتوئی پاکستان سے باہر نہیں گیا۔
پہلی بار تسلیم کیا گیا کہ ملزم متحدہ عرب امارات میں ہے۔ سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کیس کی آج کی کارروائی مکمل کرکے سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔