شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران درجنوں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ

کراچی (ارشد محمد ) شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران یونین کونسل نمبر3کی مختلف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں اور یونین کونسل نمبر6گلشن طیبی کی مختلف گلیوں سے درجنوں غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کا خاتمہ کردیا گیا محکمہ انسداد تجاوزات نے عوام کی جانب سے بڑھتے ہوئے شکایات کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر و چیف افیسر شاہ فیصل ٹاؤن کی ہدایت پر جاری گرینڈ آپریشن کے دوران تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے بعد شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک بنا کر ٹریفک کی روانی کو سہل بنا دیا اور کشادہ گلیوں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا ۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی ،ٹائون افیسر انفرا اسلم پرویز ، ٹاؤن افیسر ریگولیشن عامر زئی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون یونین کونسل نمبر3 شمع شاپنگ سینٹر چوک اور یونین کونسل نمبر6گلشن طیبی کا دورہ کرکے تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات علاقائی خوبصورتی پر بد نما داغ اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ کا باعث ہیں انہوں نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں شاہراہوں ،سروس روڈز اور فٹ پاتھوں پر سے رکاوٹوں کا فوری خاتمہ یقینی بنا کر ٹریفک کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے تاجر ان ، ہاکرز تنظیموں ،تاجر تنظیموں اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو اپنے تجارتی مقاصد کے لئے استعمال نہ کریں اور تجاوزات او رغیر قانونی تعمیرات کے خاتمے میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے زریعے شاہ فیصل ٹاؤن کی خوبصورتی میں اجافے کے ساتھ ٹریفک کی روانی میںحائل مشکلات سے چھٹکارہ اور عوامی شکایات کا ازالہ ممکن بنا یا جا سکے۔

اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو بتا یا کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں علاقائی ترقی اور صاف ستھرے صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے ساتھ عوامی شکایات پر تمام یونین کونسل میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے تمام شاہراہوں سے بلا تفریق تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا نے کے ساتھ گلیوں کو کشادہ بنا نے کے لئے غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ بھی یقینی بنا یا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون کی حدود میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تجاوزات کے خلاف جاری مہم آخری تجاوزات کے خاتمے اور عوامی شکایات کے ازالے تک جاری رہے گا اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو درست بنا نے کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو جاری رکھا جائے اور تجاوزات کے قیام میں مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔