شاہ فیصل ٹاؤن میں شاہراہوں اور گلیوں سے غیر قانونی تعمیرات اور سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ، کمال مصطفی
Posted on December 1, 2012 By Geo Urdu کراچی
کراچی (ارشد محمد) شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کے دوران مختلف شاہراہوں اور گلیوں سے غیر قانونی تعمیرات اورسینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا تفصیلات کے مطابق شاہراہوں پر تجاوزات کے قیام کے ذریعے ٹریفک کی روانی اور آمد و رفت میں حائل دشواروں کے حوالے سے عوامی شکایات پر ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کمال مصطفی کی ہدایت پر ٹاؤن میونسل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل نے کامیاب آپریشن کے بعد یونین کونسل نمبر1،2،3 اور 4کے مختلف علاقوں میں شاہراہوں اور گلیوں سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا خاتمہ کرکے شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک اور کشادہ گلیوں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کردیا۔
تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے معائنے کے لئے ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کمال مصطفی نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوامی سہولتوں کی فراہمی اور علاقائی ترقی کی راہ میں حائل تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ،تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کے ذریعے عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا یا جائے شاہراہوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے یونین کونسل کی سطح پر ہاکر وزن کا قیام عمل میں لایا جائے۔
اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے اور عوامی آمد ورفت میں حائل دشواریوں کے ازالے کے لئے شاہراہوں اور گلیوں سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کے خاتمے کا آغاز کردیا گیا ہے عوامی شکایات کے ازالے اور آخری تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے محکمہ ریگولیشن کو ہدایت کی کہ تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری آراضی پر قبضے کی روک تھام کے لئے میونسپل قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لاکر اس کی روک تھام کی جائے اور غیر قانونی عمل کے مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔