شاہ فیصل ٹاؤن میں شاہراہوں پر سے غیر قانونی اسٹینڈز اور تجاوزات کے خاتمے کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز

کراچی (ارشد محمد) شاہ فیصل ٹاؤن میں ٹریفک کی روانی کو بہتر اور عوامی آمد و رفت کے حوالے سے درپیش مسائل کے خاتمے لئے ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی کی ہدایت پر محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل نے شاہراہوں ،سروس روڈز سے تجاوزات ، تعمیرات اور غیر قانونی طور پر مختلف شاہراہوں پر قائم ٹیکسی ،رکشہ اور گاڑیوں کے دیگر اسٹینڈز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ دو روز کے دوران شاہ فیصل ٹاؤن کی مختلف شاہراہوں سے درجنوں تجاوزات اور 5غیر قانونی گاڑیوں کے اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے شاہراہوں کو رکاوٹوں سے پاک بنا کر ٹریفک کے نظام کو سہل اور عوامی آمد ورفت کے لئے مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا دیا گیا۔

شاہ فیصل ٹاؤن میں شاہراہوں سے تجاوزات ، غیر قانونی تعمیرات اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی اسٹینڈز کے خاتمے کے حوالے سے مہم جاری رہیگا عوامی تعاون کے زریعے شاہ فیصل ٹائون کو مسائل سے پاک اور مثالی معاشرے کے قیام کو یقینی بنا یا جائے گا ان خیالات کا اظہار چیف آفیسر کمال مصطفی نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے مختلف یونین کونسل میں شاہراہوں کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر پرحق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ غیر قانونی اقدام کی روک تھام کے ذریعے ہی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام ممکن بنا یا جاسکتا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں تجاوزات سمیت غیر قانونی اقدام کی روک تھام کے لئے جاری مہم میں ٹاؤن انتظامیہ کا ساتھ دیں انہوں نے کہاکہ باہمی تعاون اور اشتراک کے زریعے ہی مسائل کا خاتمہ یقینی بنا یا جا سکتا ہے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں تجاوزات کے خلاف مہم مکمل خاتمے تک جاری رکھ کر تمام شاہراہوں کو رکاوٹوں سے پاک بنایا جائے گا انہوں نے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ شاہراہوں سمیت تمام مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا ئیں اور بازاروں ،شاپنگ سینٹروں کے اطراف اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔