کراچی (محمد ارشد) شاہ فیصل ٹاؤن میں تجازوات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ شاہراہ پر رکھے کیبینز ،ٹھیلے اور پتھاروں کو ہٹا کر سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنا دیا گیا تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شاہ فیصل ٹائون کی حدود سے برآمد ہونے والے جلوسوں کے منتظمین اور علاقہ عمائدین کی جانب سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں موصولہ شکایات پر ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات نے سڑکوں ، فٹ پاتھوں اور سروس روڈز پر سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا کر سڑکوں ، فٹ پاتھوں اور سروس روڈز کو تجاوزات سے پاک بنا دیا۔
ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی نے ہفتے کے روز شاہ فیصل ٹائون کا تفصیلی دورہ کر کے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر محکمہ ریگولیشن ، انسداد تجاوزات سیل کے افسران سمیت ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹائون کے تمام محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکمل حفاظتی سہولیات کے پیش نظر عبادت گاہوں ،محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس کو مکمل نو پارکنگ زون قرار دے کر ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی عائد کی جائے۔
اس موقع پر مساجد و امام بارگاہوں کی منتظمین اور جلوسوں کے پرمٹ ہولڈز سے ملاقات میں ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے کہاکہ علاقائی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل مشاورت کے ساتھ انجام دیئے جائیں گے اس موقع پرعبادت گاہوں کے منتظمین کی جانب سے علاقائی مسائل سننے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو شکایاتی کے فوری ازالہ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی و ستھرائی ، روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کے عمل کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔