شاہ فیصل ٹاؤن میں قربانی کی آلائشوں کو مدفون کرنے کے حوالے سے انتظامات کا آغاز
Posted on October 22, 2012 By Geo Urdu کراچی
کراچی (ارشد محمد) ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن نے عید الاضحی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اُٹھاکر ٹھکانے لگانے کے لئے انتظامات کا آغاز کردیا ،شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل سے آلائشوں کو برق رفتاری کے ساتھ اُٹھاکر بروقت ٹھکانے لگانے اور تمام علاقوں میں عوام کو صاف ستھرا ور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے رہائشی علاقوں سے دور 100فٹ لمبی،30فٹ چوڑی اور 20فٹ گہری 2عدد ٹرینچز پر کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا جہاں شاہ فیصل ٹاؤن کے تمام علاقوں سے آلائشوں کو اٹھاکر دفن کیا جائے گا اور اس کے زریعے برآمد ہونے والے کھاد کے استعمال کے زریعے شاہ فیصل ٹاؤن میں سرسبز ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔
گزشتہ روز حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی اور دیگر بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن میں عید الاضحی کے حوالے سے انتظامات کے معائنے کے لئے شاہ فیصل ٹاؤن کی مختلف یونین کونسل کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے عظیم پورہ ملیر ندی کے ساتھ آلائشوں کو مدفون کرنے کے لئے تعمیر کئے جانے والے ٹرینچز پر کام کابھی معائنہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی کہ صحت مند ماحول کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عید الاضحی کے ایام اور اس کے بعد صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کو یقینی بنا نے کے حوالے سے انتظامات کو تیز کیا جائے انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو بروقت اٹھا کر ٹھکانے لگا نے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
برق رفتاری کے ساتھ تمام علاقوں سے آلائشوں کو بروقت اٹھانے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے TMAشاہ فیصل ٹاؤن کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے کے لئے ترتیب دیئے گئے کنٹی جنسی پلان اور اس پر جاری انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل میں کلکشن پوائنٹ قائم کردیئے ہیں۔
جہاں سے آلائشوں کو اٹھا کر ٹرینچز میں مدفون کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی خصوصی ہدایت پر شاہ فیصل ٹائون کی تمام یونین کونسل میں عید الاضحی کے انتظامات کے ساتھ صفائی وستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے خصوصی مہم پر تیزی سے کام جاری ہے شاہ فیصل ٹائؤن میں صفائی وستھرائی خصوصاً عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے اور بروقت ٹھکانے لگانے کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے اور صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے حوالے سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے بینرز ،پمفلیٹ کے ذریعے خصوصی تشہیری مہم بھی جاری ہے۔
انہوں نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو یقین دلا یاکہ عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت اور عوام کے تعاون کے زریعے عید الاضحی سے قبل ،عید الاضحی کے ایام میں اور عید الاضحی کے بعد شاہ فیصل ٹاؤن میں صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنا یا جائے گا ۔