شاہ فیصل ٹاؤن میں محرم الحرام کے انتظامات : امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات کے خاتمے کا اعلان

کراچی (ارشد محمد) حق پرست اراکین اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ڈاکٹر ندیم مقبول نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی ہے کہ ماہ محرم الحرام کے موقع پر عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اپنی تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں محرم الحرام سے قبل منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات اور جلوسوں کے روٹس پرسڑکوں کی تعمیر و مرت اور تجاوزات و رکاوٹوں کے خاتمے کو یقینی بنا نے کے لئے انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ڈاکٹر ندیم مقبول نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کی جانب سے ماہ محرم الحرام کے سلسلے میں جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔حق پرست اراکین اسمبلی نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ ماہ محرم الحرام کے دوران عزداروں کو مسائل سے پاک پر سکون ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔

انہوں نے شاہ فیصل ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے TMAشاہ
فیصل کی جانب سے اقدامات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہاکہ مالی بحران اور نامساعد حالات کے باوجود سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات ٹاؤن انتظامیہ کی بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے بتا یا کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں ماہ محرم الحرام کے موقع پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے انتظامات کا آغاز کردیا گیا۔

مساجد و امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنا نے کے ساتھ صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں اور انشااللہ اعزدار تنظیموں ،امام بارگاہوں کے منتظمین ،جلوس پرمٹ ہولڈرز اور عوام کے باہمی تعاون کے زریعے ماہ محرم الحرم کے دوران مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کو یقینی بنا یا جائے گا ۔