سکھر: (جیو ڈیسک) گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ماضی میں آئین کے ساتھ کھیل کھیلا گیا اور نواز شریف اور شہباز شریف نے رشوت لے کرعوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا۔ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ وفاق کو مضبوط کرنا ہو گا، صدر آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا نہ کہ توڑنے کا۔ ماضی میں آئین کے ساتھ کھیل کھیلا گیا، پیپلز پارٹی نے آئین بحال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں منافرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا، دنیا میں کہیں بھی سربراہ مملک کیلئے ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے جیسے شہبازشریف استعمال کرتے ہیں۔ انہیں ایسی زبان استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پنجاب کے حکمران بھاشانی کی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست بند کریں۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی جہانگیر بدر نے کہا کہ بھٹو شہید کا شمارعالمی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ شہید قائد عوام نے غریب اورکچلے ہوئے عوام کو طاقت دی۔