شریف برادران کی سیاست ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ شرجیل میمن

sharjeel memon

sharjeel memon

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک سے تیسری قوت کو فائدہ پہنچا تو ذمہ دار نواز شریف ہونگے ۔ سندھ سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے جان لیں کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے ایسی تحریکوں کا جواب دینا خوب جانتے ہیں ۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ شریف برادران کی سیاست ماضی کا حصہ بن چکی ہے اگر نواز لیگ کو دیدار حسین شاہ اور ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری قبول نہیں تو ان کی خواہش پر سیف الرحمان جیسا کوئی شخص چیئرمین نہیں بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پنجاب میں اپنی حکومت کی بیڈ گورننس پر توجہ دیں ان کے بھائی شہباز شریف خادم اعلی نہیں ڈکیت اعلی پنجاب بن چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر تنقید پارٹی پالیسی نہیں تاہم جمہوریت کیلئے جو صورتحال پیدا کی جارہی ہے اس کا دفاع ہماری ذمہ داری ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں کوئی گروپ بندی نہیں تمام ارکان صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ صوبے کی بہتری کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندانوں کو سیاست میں استعمال کرنا درست نہیں تاہم ہم چاہتے ہیں کہ عائشہ احد ملک کو انصاف ملنا چاہئے۔