شریف برادران کے خلاف ریفرنس بحالی کیس کی سماعت

sharif brothers

sharif brothers

راولپنڈی(جیوڈیسک) احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز بحالی کیس کی سماعت جاری ہے۔ نواز شریف کے وکیل اکرم شیخ کہتے ہیں شریف برادران کے خلاف ریفرنس ری اوپن کروانا جمہوری حکومت کی انتقامی کارروائی ہے۔ شریف برادران کے خلاف تین نیب ریفرنسز بحال کرنے کی درخواست پر سماعت راولپنڈی احتساب عدالت میں ہوئی۔ نواز شریف کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شریف برادران پر ریفرنسز کے خلاف ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری رکھا ہے۔ مقدمات کے ٹرائل کے لئے اسٹے آڈر خارج کروانا ہوں گے۔

اکرم شیخ نے کہا نیب نے دو ہزار دو میں مقدمے بندکرنے کی درخواست کی۔ اب دس سال بعد مقدمہ چلانے کی یاد آئی ہے۔ ایک موقع پر اکرم شیخ نے نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سے معافی کامطالبہ کیا تو ان میں تلخ کلامی ہوگئی۔

اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ نیب خلاف قاعدہ درخواست پر معافی مانگے اورہرجانہ دے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کیسز بحالی کی درخواست دینا ہمارا حق ہے۔ نوٹس عدالت نے دیئے، کیا عدالت معافی مانگے؟ڈپٹی پراسیکیوٹر چوہدری ریاض کا کہنا تھا کہ نیب فیصلے کرنے میں خود مختار ہے۔ ہائی کورٹ نے نیب یا نیب عدالت کو کسی قسم کی کارروائی سے نہیں روکا۔ مقدمات عدالت نے ملتوی کئے، نیب نے ایسی کوئی درخواست نہیں دی تھی۔