خان خوڑ : (جیو ڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپوزیشن جماعتوں کو شفاف انتخابات کیلئے مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے خوش گوار تعلقات کیلئے مخلص ہیں، آمریت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، ملکی استحکام کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا،کسی بھی اپوزیشن جماعت سے اختلافات نہیں تاہم سب کو صاف شفاف انتخابات کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور متفقہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی وجہ بھی یہ ہے کہ ہم انتخابی عمل میں کوئی دھوکے بازی نہیں چاہتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن میں کبھی ساز باز کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تاہم ہم سازشوں کا شکار رہے ہیں، ڈر لگتا ہے ہمارے خلاف سازش نہ ہوجائے، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تصادم کا خطرہ نہیں،حکومت کو غیر مستحکم کرنیکی کوشش نہ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے گزشتہ روز یہاں بشام کے علاقے میں 72میگاواٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم راجہ پرویز نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تبدیل کرنے کا انتخابات کے سوا کوئی طریقہ کار نہیں، اپوزیشن اختلافات بھلاکر شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے مذاکرات کیلئے آگے آئے، آئندہ الیکشن غیر جانبدار ہونگے، حکومت اپنے مقررہ وقت تک اقتدار میں رہے گی، حکومت کو غیر مستحکم کرنیکی کوشش کی بجائے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکلنے کیلئے مل جل کر کام کرنا چاہیے،کچھ لوگوں نے حکومت جانے کی پیش گوئیاں کیں لیکن تمام قیاس آرائیاں وقت کے ساتھ ختم ہوگئیں۔
وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیٹرز کئی برسوں تک اقتدار پر قابض رہے لیکن کسی نے انہیں غیر آئینی اقدام کرنے سے نہیں روکا تاہم منتخب حکومت کو ضرورت سے زیادہ نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والوں نے ماضی میں ایک میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل نہیں کی جبکہ حکومت کے بہتر اقدامات کی وجہ سے تقریبا چار ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو چکی ہے، بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا بشام خان خوڑ ڈیم دبیر خوڑی الائی خوڑ اور جناح پاور پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت نے سندھ میں تھرکول منصوبہ شروع کیا ہے اور تھرکول منصوبے کی نگرانی کیلئے وہاں ٹینٹ آفس قائم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کیلئے ملکی مفاد کو داو پر نہیں لگانا چاہئے اور پاکستان کے استحکام کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار چیئرمین واپڈا شکیل درانی وفاقی و صوبائی وز را اور ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی موجود تھے۔