شفق جو روئے سحر پر گلال ملنے لگی
Posted on May 2, 2012 By Adeel Webmaster شکیب جلالی
sun rising
شفق جو روئے سحر پر گلال ملنے لگی
یہ بستیوں کی فضا کیوں دھواں اُگلنے لگی
اسی لیے تو ہوا رو پڑی درختوں میں
ابھی میں کِھل نہ سکا تھا کہ رُت بدلنے لگی
اُتر کے نائو سے بھی کب سفر تمام ہوا
زمیں پہ پائوں دھرا تو زمین چلنے لگی
کسی کا جسم اگر چھو لیا خیال میں بھی
تو پور پور مری، مثلِ شمع جلنے لگی
میں ناپتا چلا قدموں سے اپنے سائے کو
کبھی جو دشتِ مسافت میں دھوپ ڈھلنے لگی
مری نگاہ میں خواہش کا شائبہ بھی نہ تھا
یہ برف سی ترے چہرے پہ کیوں پگھلنے لگی
کہیں پڑا نہ ہو پَرتُو بہارِ رفتہ کا
یہ سبز بُوند سی پلکوں پہ کیا مچلنے لگی
نہ جانے کیا کہا اس نے بہت ہی آہستہ
فضا کی ٹھہری ہوئی سانس پھر سے چلنے لگی
جو دل کا زہر تھا کاغذ پہ سب بکھیر دیا
پھر اپنے آپ طبیعت مری سنبھلنے لگی
جہاں شجر پہ لگا تھا تبر کا زخم شکیب
وہیں پہ دیکھ لے ، کونپل نئی نکلنے لگی
شکیب جلالی