شمالی کوریا: (جیو ڈیسک) اقوام متحدہ کی قراردادوں، امریکہ کے انتباہ اوربین الاقوامی دباؤ کے باوجود شمالی کوریا نے تین مرحلوں پر مشتمل راکٹ کا تجربہ کیا۔ جاپان اور امریکہ کے مطابق راکٹ اپنی پرواز کے ایک منٹ کے اندر ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق سات بج کر چالیس منٹ پر راکٹ کو لانچنگ پیڈ سے روانہ کیا لیکن وہ ایک منٹ کے اندر ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ وائٹ ہاؤس نے راکٹ تجربے کو اشتعال انگزی قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا کے اس اقدام کو علاقائی سیکورٹی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر نے شمالی کوریا کے ناکام سیٹلائٹ تجربے کے بعد دفاعی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سیٹلائٹ تجربے پر آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے۔