شکار پور : پولیس گردی کی وجہ سے پانچ ماہ کی بچی بھوکی پیاسی دم توڑ گئی

Shikarpur

Shikarpur

شکارپور(جیوڈیسک)شکارپور میں پولیس نے ایک ہی گھر کے گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا، گھر میں تنہا رہ جانے والی پانچ ماہ کی بچی بھوک ، پیاس کے باعث دم توڑ گئی۔

نواحی گاؤں رستم کے رہائشی امان اللہ جتوئی کو کارو کاری کے الزام میں جرگے نے اس کی تین بچیوں کو ونی کرنے کی سزا سنائی۔غیر قانونی جرگے پر پولیس حرکت میں آئی، جرگے کے سر پنچ گرفتار کر لئے گئے لیکن پولیس نے سزا پانے والے امان اللہ جتوئی اور گھر میں موجود خواتین سمیت گیارہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔فرض شناسی کی دھن میں مگن پولیس نے یہ دیکھا ہی نہیں کہ گھر میں پانچ ماہ کی بچی بھی سوئی ہوئی تھی۔

تین روز گزرنے کے بعد سیشن جج کے حکم پر کمشنر تھانہ کلواڑی نے گرفتار افراد کو بازیاب کروایا۔گھر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ پانچ ماہ کی معصوم بیٹی ہدایت بھو ک، پیاس کے باعث دم توڑ چکی تھی۔ ورثا نے سیشن کورٹ کے باہر بچی کی لاش رکھ کر احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔