شکاگو (جیوڈیسک) امریکی شہر شکاگو میں جاری شدید برفباری نے معمولات زندگی مفلوج کر دئیے۔ خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں اور سیکڑوں مسافر ائیرپورٹس پرپھنس گئے۔ کئی روز سے ہونے والی برفباری نے پورے شہر کو برف کی سفید چادر سے ڈھانپ دیا۔
مسلسل گرنے والی برف سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس سے سیکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ حکومت نے بھی برفباری سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لئے ایمرجنسی سینٹرز قائم کر دئیے ہیں۔
سڑکوں سے برف پگھلانے کے لئے نمک کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ برفباری کے باعث ٹریفک حادثات بھی ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شہر میں اب تک دس سینٹی میٹر برف پڑ چکی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔