امریکا : (جیو ڈیسک) امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اسامہ آپریشن کے وقت خاندان سمیت ملک چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔امریکی حکام کی جانب سے القاعدہ کے سربراہ اور انتہائی مطلوب اسامہ بن لادن کے متعلق سی آئی اے کو معلومات بہم پہنچانے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو دعوت دی تھی کہ وہ پاکستان چھوڑ کر امریکہ منتقل ہو جائے، امریکی حکام کے مطابق شکیل آفریدی کو پہلی مئی دو ہزار گیارہ کو پاکستان چھوڑ کر اپنے بچوں کے ہمراہ محفوظ مقام منتقل کرنے کی پیشکش کی گئی جسے شکیل آفریدی نے بغیر وجہ بتائے ٹھکرا دیا۔
یاد رہے کہ شکیل آفریدی کو پاکستانی حکام نے مئی دو کے واقعے کے ہفتے گذر جانے کے بعد گرفتار کیا،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پولیو مہم کی آڑ میں غیر ملکی جاسوسی کی اور ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ بنے،اسی جرم کے سبب شکیل آفریدی کو تیتیس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جس پر امریکی وزیر خارجہ اور اعلی حکام کی جانب سے اظہار ناراضگی سامنے آیا ہے،شکیل آفریدی کو پاکستان چھوڑنے کی امریکی پیشکش پر امریکی وزارت خارجہ اور وہائٹ ہاس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔