لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سڑکوں پر گو زرداری گو کے نعرے لگوانے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سازش کے تحت لوڈشیڈنگ بڑھائی گئی وہ توانائی کے خود ساختہ بحران کے خلاف جلد لانگ مارچ کریں گے۔ لاہور میں ڈینگی سے آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لوڈ شینڈنگ میں اضافہ پنجاب کے خلاف ایک سازش ہے، بجلی کی بندش کی وجہ سے ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے اور تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو واجبات کی ادائیگی کر دی جائے تو اس مصیبت سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کی تگ و دو کے بعد ڈیڑھ ماہ پہلے صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ توانائی کے خود ساختہ بحران کے خلاف جلد لانگ مارچ کریں گے۔ شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ ایک سو پچاس ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم کو سری لنکا، سنگا پور اور تھائی لینڈ بھیجیں گے، جہاں وہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے تربیت حاصل کریں گے۔