لاس اینجلس : (جیو ڈیسک) رواں سال اپریل میں ٹائٹینک نامی بحری جہازکو غرق ہوئے پورے 100سال ہوجائیں گے۔ اس حوالے سے رواں سال کو یادگار بنانے کے لئے انگریزی فلموں کے نامور پروڈیوسر جیمس کیمرون کی 15سال پہلے ریلیز ہونے والی فلم ٹائٹینک کا تھری ڈی ورژن ریلیز کیا جارہا ہے۔یہ فلم 5اپریل کو بھارت اور پاکستان کے سنیماگھروں کی زینت بنے گی۔
ٹائٹینک وہ تاریخی جہاز تھا جس کے بارے میں دعوی کیا گیا تھا کہ یہ کبھی ڈوب ہی نہیں سکتا ۔اس جہاز نے 10اپریل 1912 میں انگلینڈ سے امریکا کے لئے اپنے پہلے سفر کا آغاز کیا اور بدقسمتی سے دوران سفر ہی ایک دیوہیکل برفانی چٹان سے ٹکراکر2 ٹکرے ہوگیا۔ لیکن اس سفر کے دوران ہی جہاز کے دونوجوان مسافروں کے درمیان گہری محبت نے جنم لیا مگر یہ محبت ادھوری ہی رہ جاتی ہے۔ اسی کہانی کو ٹائٹینک کا نام دیا گیا ۔ فلم 15سال پہلے ریلیز ہوئی تھی اور اس قدر کامیاب ہوئی کہ اگلی پچھلی تمام فلموں کے ریکارڈ توٹ گئے۔
اب اس فلم کے تھری ڈی ورژن کے ریلیز کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ تھری ڈی ورژن بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ریلیز ہوگا۔