کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ غیر نصابی سرگرمیاں بھی انسانی زندگی کا ایک بنیادی جز ہے کیو نکہ صحت مند دماغ ایک صحت مند جسم کے اندر ہوتا ہے اور اگر ہم ایک بہتر معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں تو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی کے ہمراہ PSBکوچنگ سینٹر میں آدمجی گرامر اسکول شاہ فیصل کیمپس کے زیر اہتمام سالانہ اسپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات کے درمیان کھیلوں کے مختلف مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ،آدمجی گرامر اسکول شاہ فیصل کیمپس کے زیر اہتمام منعقدہ میگا اسپورٹس ایونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ اسکول کے زیر اہتمام آج کا اسپورٹس ڈے معاشرے کو صحت مند بنا نے میں ایک مثبت اقدام ہے ،گوکہ ہمارے ملکی سطح پر کھیلوں کے سائل کم ہے مگر اس کے باجود ہمارے شہر کراچی نے کئی کھیلوں کے مختلف شعبوں میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں کمی ہے تو صرف وسائل کی اس محدود وسائل کے ہوتے ہوئے اس پیمانے پر اسپورٹس ڈے کا انعقاد ایک قابل تعریف عمل ہے اور اس کے ذریعے طلباء و طالبات علم کے ساتھ اپنے ٹیلنٹ میں مزید نکھار لاسکتے ہیں۔
انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیاکہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تعلیم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم دور جدید میں داخل ہوکر دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی ادارے علاقائی ترقی اور عوام کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی کے ساتھ علم کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے عملی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے آدمجی گرامر اسکول کے منتظمین کو بہتر تعلیم کے فروغ کے ساتھ صحت مند انہ سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا بعد ازاں اسپورٹس ڈے کے موقع پر کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے پر طلباء و طالبات کو شیلڈ و اسناد بھی پیش کئے گئے۔