اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم راجہ پرویزاشرف توہین عدالت کیس میں آج سپریم کورٹ میں پیش ہونگے۔صدر زرداری اور وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ایوان صدر اسلام آباد میں ہوا۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف آج سپریم کورٹ میں پیش ہونگے۔ حکومتی اتحادی بھی اظہار یکجہتی کے لئے انکے ہمراہ ہونگے۔
صدارتی ترجمان کے مطابق اجلاس میں توانائی بحران، سیلاب کی تباہ کاریوں، امن و امان کی صورتحال اور اتحادیوں کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آبی ذخائر میں پانی کی سطح بلند ہونے سے توانائی بحران کم ہوا ہے۔ اجلاس کو سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔ اجلاس نے اسلام مخالف فلم کی شدید مذمت کی۔ صدر مملکت نے اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔