لاہور(جیوڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کے صدر کے دو عہدوں کے خلاف کیس میں فریق بننے کی درخواست مسترد کردی ہے۔عدالت کا کہنا ہے کہ صرف اٹارنی جنرل معاونت کرسکتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سر براہی میں صدر زرداری کے دو عہدوں کے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت کے روبروبتایا کہ درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں پہلے فیصلہ کیا جائے۔بنیادی سوال یہ ہے کہ صدر مملکت کے خلاف ایسی کوئی کاروائی شروع کی جا سکتی ہے یا نہیں۔
وسیم سجاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صدر مملکت کے خلاف عدالتی کارروائی کی کوئی مثال موجود نہیں ۔اس موقع پر اٹارنی جنرل عرفان قادر نے موقف اختیار کیا کہ یہ کیس چل ہی نہیں سکتا۔اس لئے جلدی نہ کی جائے۔ عدالت کو سیاسی معاملات میں نہیں لانا چائیے ۔درخواست گزار اے کے ڈوگر کا کہنا تھا کہ یہ توہین عدالت کا معاملہ ہے وفاقی حکومت فریق نہیں بن سکتی ۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا کہ کیس میں وفاقی حکومت فریق نہیں بن سکتی۔