متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور جمہوری عمل کے تحفظ کیلئے انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ صدرمملکت سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم جمہوری عمل کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اورہمیشہ کی طرح آزمائش کے ہر موقع پرجمہوری حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔انہوں نے صدرمملکت کے خلاف وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر لیگی رہنماں کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم نے اس غیراخلاقی اور غیرپارلیمانی طرز عمل کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس سلسلہ میں کل بروز اتوار کو تبت سینٹر کراچی میں ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی ۔ الطاف حسین نے اظہار یکجہتی اور خیرسگالی کے پیغام پر مبنی خط بھجوانے پر صدرآصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اورانہیں جمہوریت کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے الطاف حسین اور ایم کیوایم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت ،ایم کیوایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک وقوم کی خدمت کرتی رہے گی ۔اس موقع پر صدرمملکت آصف علی زرداری نے الطاف حسین کی جانب سے پڑھی گئی نظم کی تعریف بھی کی ۔دونوں رہنماں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔