اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر زرداری نے لانگ مارچ کے شرکا پر تشدد نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ، صدر رداری نے رحمان ملک کے بیان کا بھی نوٹس لے لیا۔ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے صدر زرداری کو فون کر کے لانگ مارچ کے شرکا کے خلاف طاقت کے استعمال کی خبروں کے حوالے سے اپنی تشویش ظاہر کی جس پر صدر زرداری نے چوہدری شجاعت کو یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ کے شرکا پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہو گا۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہیں جن پر تشدد کے اچھے نتائج نہیں برآمد ہوں گے۔ وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات کی قائل ہے، طاقت کا کسی صورت استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ندیم افضل چن نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے کہ تشدد نہیں کیا جائے گا لیکن اگر کسی نے ایسا کیا تو یہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازش ہو گی۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت سے کہاہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے عوامی مارچ کے خلاف کسی بھی صورت میں طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔ مسئلے کے حل کیلئے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر بامقصد مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نہتے لوگوں پر تشدد سے گریز کرے۔ مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ پر کسی بھی پر تشدد عمل کی بھر پور مخالفت کریں گے۔