لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال نے ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں روکنے کی درخواست کی سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دینے کے لئے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بجھوا دیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ہائی کورٹ کے فل بنچ نے حکم دیا تھا کہ ایوان صدر میں تمام سیاسی سرگرمیاں بند کی جائیں مگر ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں، لہذا عدالت فل بنچ کے فیصلہ پر عملدرآمد کا حکم دے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ابتدائی سماعت کے بعد قرار دیا کہ صدر زرداری دو عہدے کیس کا فیصلہ فل بنچ نے سنایا تھا لہذا اس درخواست کی سماعت بھی فل بنچ ہی کرے گا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دینے کے لئے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بجھواتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔