لاہور (جیوڈیسک)وزیر داخلہ رحمن ملک نے پاسپورٹ کی معیاد پانچ سے دس سال کرنے اور پری پیڈ سموں کو بند کرنے کی بجائے ان کی تصدیق کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن ضرور ہوگا لیکن وقت کا تعین پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور پر آئی بی ایم ایس سسٹم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں دہشت گردوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پس پردہ ہاتھوں کو بے نقاب کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے آئی بی ایم ایس سسٹم کا افتتاح کیا جس سے ملک میں آنے اور یہاں سے جانے والے افراد کا ڈیٹا بیس تیار ہوگا۔ پاکستانی ٹیم نے یہ سافٹ وئیر امریکی منصوبہ مسترد کرکے تیار کیا ہے۔
آئی بی ایس سسٹم پاکستان کے تمام ائر پورٹس، سی پورٹس اور سرحدی ریلوے اسٹیشنز پر نصب کردیا گیا ہے ۔ بہت جلد اسے اضلاع میں بھی نافذ کردیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے سافٹ وئیر تیار کرنے والی ٹیم کے لئے سول ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔